تیسرے ورلڈ ٹی 20 بلائنڈ کرکٹ کپ کا شیڈول جاری

Published On 22 November,2022 06:32 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کی منظوری سے تیسرے ورلڈ ٹی 20 بلائنڈ کرکٹ کپ کا شیڈول بھارتی بلائنڈ کرکٹ ایسوسی ایشن نے جاری کردیا۔

پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کی طر ف سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق ورلڈ ٹی 20 کرکٹ کپ 4 سے 18 دسمبر تک بھارت کے مختلف شہروں میں کھیلا جائے گا، ٹی 20 ورلڈ کپ میں آسٹریلیا، بنگلا دیش، میزبان بھارت، نیپال، پاکستان، جنوبی افریقا اور سری لنکا کی ٹیمیں شرکت کررہی ہیں۔

ورلڈ کپ کے لئے جاری کردہ شیڈول کے مطابق ایونٹ کےلئے ٹیمیں 4 دسمبرکو بھارت پہنچیں گی، ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب دوپہر 3 بجے بھارت کے شہر نئی دہلی میں ہوگی، ایونٹ میں میچوں کا آغاز 6 دسمبر سے ہوگا، پہلے روز 3 میچز کھیلے جائیں گے۔

پہلے میچ میں بھارت اور نیپال، دوسرے میچ میں آسٹریلیا اور سری لنکا جبکہ تیسرے میچ میں پاکستان اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی، 7 دسمبرکو پاکستان اوربھارت کی بلائنڈ کرکٹ ٹیموں کے درمیان میچ فرید آباد میں کھیلا جائے گا، اسی روز نیپال اور بنگلا دیش کی ٹیمیں فرید آباد جبکہ جنوبی افریقا اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے مابین میچ نئی دہلی میں کھیلا جائے گا۔

9 دسمبر کو جنوبی افریقا اور سری لنکا،دوسرے میچ میں نیپال اور آسٹریلیا جبکہ پاکستان اور بنگلا دیش کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔

ورلڈ کپ میں 10 دسمبر کو بھی 3 میچ کھیلے جائیں گے جس میں بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان میچ اندور میں، دوسرا سری لنکا اور بنگلا دیش ممبئی میں جبکہ تیسرا میچ جنوبی افریقا اور نیپال کے درمیان نئی دہلی میں کھیلا جائے گا،11 دسمبرکوتین میچ کھیلے جائیں گے، پہلا میچ بھارت اور جنوبی افریقا، دوسرا پاکستان اور سری لنکا جبکہ تیسرا میچ بنگلہ دیش اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔

13 دسمبرکوبھی 3 میچ کھیلے جائیں گے پہلے میچ میں بھارت اوربنگلا دیش، دوسرے میں سری لنکا اورنیپال جبکہ تیسرا میچ آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان کھیلا جائے گا۔14 دسمبرکو بھارت اور سری لنکا کے مابین میچ گوا،نیپال اور پاکستان کے درمیان بنگلور جبکہ جنوبی افریقہ اوربنگلہ دیش کی ٹیمیں بھی بنگلورمیں مد مقابل ہوں گی۔

لیگ میچوں کے اختتام پر ٹاپ4 ٹیموں کے درمیان سیمی فائنلز کا آغاز15 دسمبر سے ہوگا۔ دونوں سیمی فائنل 15دسمبرکو کھیلے جائیں گے جبکہ ایونٹ کا فائنل مقابلہ 17 دسمبرکو ہوگا اسی روز ایونٹ کی اختتامی تقریب ہوگی۔18 دسمبرکو تمام ٹیمیں اپنے اپنے ملکوں کو روانہ ہوں گی۔
 

Advertisement