کین ولیمسن نے شاہین آفریدی کو مچل سٹارک سے زیادہ خطرناک قرار دیدیا

Published On 22 November,2022 07:49 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کی تعریفوں کے پل باندھتے ہوئے نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے کہا کہ پاکستانی باؤلر کا یارکر مچل سٹارک سے زیادہ خطرناک ہے۔

کرکٹ کی دنیا کی معروف ویب سائٹ کرک انفو کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کین ولیمسن کی ویڈیو شیئر کی گئی جس میں انہوں نیوزی لینڈ کے کپتان نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے پاکستانی فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کی تعریف کی۔

32 سالہ ولیمسن کو آسٹریلوی مچل سٹارک اور شاہین شاہ کے یارکر میں سے ایک باؤلر کی ڈیلیوری لینے کو کہا گیا، انہوں نے اس سوال پر غور کیا اور کہا کہ دونوں گیند بازوں کے یارکرز بالکل ایک جیسے ہیں۔

بعد ازاں نیوزی لینڈ کے کپتان نے شاہین شاہ آفریدی کو مچل سٹارک پر ترجیح دیدی اور کہا کہ ان کا یارکر خطرناک ہے۔

خیال رہے کہ شاہین شاہ آفریدی اور مچل سٹارک اپنی تیز اور سوئنگ باؤلنگ کی وجہ سے کرکٹ کی دنیا میں کافی مشہور ہیں جبکہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں بھی پاکستان نے نیوزی لینڈ کو شکست دی تھی اور سکوپ شاٹ کھیلنے کی کوشش میں ولیمسن ہی شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے تھے۔
 

Advertisement