کراچی : (دنیا نیوز) کراچی میں جاری ٹیسٹ سیریز کے تیسرے میچ کے دوسرے روز انگلینڈ کی ٹیم 354 رنز ہی بنا پائی اور ان کے تمام کھلاڑی آؤٹ ہو گئے جبکہ پاکستان نے بغیر کسی نقصان کے 21 رنز بنا لیے ہیں۔
نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز انگلینڈ کے اولی پوپ اور بین ڈیکیٹ نے پہلی نامکمل اننگز کا آغاز7 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ سے کیا جس کے بعد 58 رنز پر نعمان علی نے بین ڈیکیٹ کو 26 رنز پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا، نعمان علی نے اگلی ہی گیند پر جو روٹ کو کیچ آؤٹ کرا کر پاکستان ٹیم کو تیسری کامیابی دلوائی۔
جو روٹ کے بعد آنے والے ہیری بروک نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری سکور کی اور ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کیا۔ بین سٹوکس ان کا ساتھ زیادہ دیر نہ دے سکے جو صرف 26 سکور ہی بنا پائے، اس کے بعد آنے والے بین فوکس نے ہیری بروک کا تھوڑا ساتھ دیا اورشراکت قائم کی۔
ہیری بروک 262 رنز پر محمد وسیم کے گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے جبکہ بین فوکس 65، ریحان احمد 1، مارک ووڈ 35، اولی روبنسن 29 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، جیک لیچ 9 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، پاکستان کی جانب سے ابرار احمد اور نعمان علی نے 4، 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، محمد وسیم ایک ہی وکٹ لے پائے۔
انگلینڈ ٹیم کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان نے دوسری اننگز کیلئے بیٹنگ کا آغاز کیا، پاکستان نے دن کے اختتام تک 9 اوورز کھیل کر بغیر کسی نقصان کے 21 رنز بنا لیے، عبد اللہ شفیق 14 اور شان مسعود 3 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔
پہلا روز
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ کے پہلے روز قومی ٹیم پہلی اننگز میں 304 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی تھی جس کے بعد انگلینڈ نے دن کے اختتام تک ایک وکٹ کے نقصان پر7 رنز بنا لیے تھے۔
پاکستان ٹیم میں عبداللّٰہ شفیق، شان مسعود، اظہر علی، بابر اعظم، محمد رضوان، آغا سلمان، سعود شکیل، فہیم اشرف، نعمان علی، محمد وسیم اور ابرار احمد شامل ہیں۔
زیک کرولی، بین ڈیکیٹ، اولی پوپ، جو روٹ، ہیری بروک، بین اسٹوکس، بین فوکس، ریحان احمد، اولی رابنسن، مارک ووڈ اور جیک لیچ پلیئنگ ٹیم میں شامل ہیں۔