بھارتی کرکٹ بورڈ نے ورلڈ کپ کے لئے 20 کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کرلیا

Published On 01 January,2023 08:13 pm

ممبئی : (ویب ڈیسک) 2023 کے ون ڈے ورلڈ کپ کو مد نظر رکھتے ہوئے بھارتی کرکٹ بورڈ ( بی سی سی آئی) نے 20 کھلاڑیوں کے ایک پول کو شارٹ لسٹ کیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق سرفہرست کھلاڑیوں سے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے آئندہ ایڈیشن کو چھوڑنے کے لیے کہا جا سکتا ہے،یہ فیصلہ بی سی سی آئی کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کے دوران لیا گیا، جو ممبئی کے ایک سیون سٹار ہوٹل میں منعقد ہوا تھا۔

بی سی سی آئی چاہتا ہے کہ کھلاڑی آئی سی سی ایونٹس پر توجہ مرکوز کریں اور انجریز کے مسائل سے بچیں، اس موقع پر کوچ راہول ڈریوڈ، کپتان روہت شرما، این سی اے چیئرمین وی وی ایس لکشمن، سابق چیف سلیکٹر چیتن شرما موجود تھے۔

بورڈ کے صدر راجر بنی نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے اجلاس میں شمولیت اختیار کی، یہ میٹنگ 2022 میں ٹیم انڈیا کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے منعقد کی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی کرکٹ بورڈ کا ایشیا کپ 2023 کیلئے ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار

ٹیم انڈیا 2023 میں 35 ون ڈے کھیلے گی جن کی شروعات سری لنکا کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر آئندہ تین میچوں کی سیریز سے ہوگی، کھلاڑیوں کے کام کے بوجھ کے انتظام پر توجہ دینے کے ساتھ این سی اے کھلاڑیوں کی فٹنس پر نظر رکھنے کے لیے آئی پی ایل فرنچائزز کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔