نیوزی لینڈ بورڈ کا دورہ بھارت کیلئے ٹی 20 سکواڈ کا اعلان

Published On 13 January,2023 02:28 am

کرائسٹ چرچ : ( ویب ڈیسک ) نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے رواں ماہ کے آخر میں شروع ہونے والے دورہ بھارت کے لیے 15 رکنی ٹی 20 سکواڈ کا اعلان کردیا جس کی قیادت آل راؤنڈر مچل سینٹنر کریں گے۔

انٹرنیشنل کرکٹ بورڈ ( آئی سی سی ) کے مطابق بائیں ہاتھ کے میڈیم پیسر بین لسٹر کو بھارت کے خلاف تین میچوں پر مشتمل ٹی 20 سیریز کے لیے نیوزی لینڈ سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے جبکہ کائل جیمیسن، بین سیئرز، میٹ ہنری اور ایڈم ملنے زخمی ہونے کی وجہ سے سکواڈ کا حصہ نہیں بن سکے۔

اسکواڈ میں گزشتہ سال آسٹریلیا میں کھیلے گئے آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ سکواڈ کے 9 کھلاڑی شامل ہیں، تاہم صرف ان کیپڈ کھلاڑی لسٹر اور ہنری شپلے ہیں، جنہوں نے پاکستان کے دورے کے دوران ون ڈے میں اپنا ڈیبیو کیا۔

لیوک رونچی، جنہیں پاکستان ٹیسٹ کے بعد گیری سٹیڈ کے ساتھ ون ڈے کے ہیڈ کوچ کے طور پر نامزد کیا گیا تھا وہ ٹی ٹوئنٹی کے لیے بھی ٹیم کی کوچنگ کریں گے۔

اعلان کردہ کھلاڑیوں میں کپتان مچل سینٹنر ، فن ایلن، مائیکل بریسویل، مارک چیپ مین، ڈین کلیور، ڈیون کونوے، جیکب ڈفی، لوکی فرگوسن، بین لِسٹر، ڈیرل مچل، گلین فلپس، مائیکل رِپن، ہنری شپلے، ایش سوڈھی، بلیئر ٹکنر شامل ہیں۔