ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ : سری لنکا کی بنگلہ دیش کو 7 وکٹوں سے شکست

Published On 13 February,2023 02:22 am

کیپ ٹاؤن: ( ویب ڈیسک ) ساؤتھ افریقا میں جاری ویمنز ٹی 20 ورلڈکپ کے پانچویں میچ میں سری لنکا کی ٹیم نے بنگلہ دیش کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔

کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے گروپ 1 کے میچ میں بنگلہ دیش ویمنز ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز بنائے، سوبھانہ موستری نے 32 گیندوں پر 29 اور کپتان نگار سلطانہ نے 34 گیندوں پر 28 رنز کی اننگ کھیلی جبکہ سری لنکا کی جانب سے اوشادی رانا سنگھے نے 3 اور چماری اتا پاتو نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواب میں 127 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم نے 18.2 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز بنا کر میچ میں 7 وکٹوں سے کامیابی سمیٹ لی، اوپنر ہرشیتھا سماراویکرما نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 50 گیندوں پر 69 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی، نیلاکشی ڈی سلوا 41 اور کپتان چماری اتا پاتو نے 15 رنز بنائے۔

فاتح ٹیم کی اوپنر بیٹر ہرشیتھا سماراویکرما کو شاندار بیٹنگ پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔