فاسٹ باؤلر شاہنواز دھانی کی انگلی کا آپریشن ہو گیا

Published On 17 February,2023 05:22 am

لاہور : ( ویب ڈیسک ) پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) کی فرنچائز ملتان سلطان کے فاسٹ باؤلر شاہنواز دھانی کی انگلی کا آپریشن ہوگیا، فاسٹ باؤلر کی انگلی پی ایس ایل کے رواں ایڈیشن کے دوران فریکچر کا شکار ہوئی تھی۔

شاہنواز دھانی دائیں ہاتھ کی انگلی میں فریکچر کی وجہ سے پی ایس ایل 8 سے آؤٹ ہو چکے ہیں جبکہ ملتان سلطانز نے ان کی جگہ نوجوان فاسٹ باؤلر محمد الیاس کو سکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میڈیکل پینل نے اپنی نگرانی میں شاہنواز دھانی کے دائیں ہاتھ کی انگلی کا آپریشن کرایا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فاسٹ باؤلر نے ہسپتال سے اپنی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ میرے ہاتھ کی انگلی کا آپریشن ہو گیا ہے، تمام افراد سے دعاؤں کی درخواست ہے۔

فاسٹ باؤلر نے مزید لکھا کہ میں پی سی بی کے چیف میڈیکل آفیسر نجیب سومرو کا مشکور ہوں جنہوں نے نگرانی کی اور آپریشن کے دوران میرے ساتھ موجود رہے اور میری بہترین دیکھ بھال کی۔ 

Advertisement