کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندرز کی جانب سے کھیلنے والے بیٹر فخر زمان نے اپنی ٹیم کی باؤلنگ لائن کی تعریف کی ہے۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل میں گزشتہ شب کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کا مقابلہ ہوا جس میں کنگز نے قلندرز کو باآسانی 67 رنز سے شکست دی۔
کراچی کی اننگز کے دوران کیمرے پر کمنٹیٹرز بازید خان اور ڈینی موریسن سے گفتگو کرتے ہوئے فخر زمان نے کہا کہ میچ کی پچ اچھی لگ رہی ہے، اگر اس پر شاہین کا سوئنگ نہیں ہوا تو اس کا مطلب ہے کہ پچ پر زیادہ سوئنگ نہیں ہے ، کراچی اور لاہور کے درمیان میچ ہمیشہ بڑا ہوتا ہے، دونوں ٹیم کے کھلاڑیوں پر یکساں دباؤ ہوتا ہے، اس کا اندازہ کراؤڈ سے ہی لگایا جاسکتا ہے کیونکہ کراؤڈ بڑی تعداد میں موجود ہے ۔
فخر زمان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ یہ اچھی بات ہے کہ سارے فاسٹ باؤلرز ہمارے پاس ہیں، اچھا ہے کہ میں لاہور کے خلاف نہیں کھیلتا ورنہ شاہین، حارث اور زمان کا سامنا کرنا پڑتا ۔
قومی بیٹر کا مزید کہنا تھا کہ ہماری فاسٹ باؤلنگ بہت زبردست ہے، ہم ان کی باؤلنگ کو انجوائے کرتے ہیں، اچھا لگتا ہے یہ ہماری طرف ہیں ۔
واضح رہے کہ کراچی کنگز کی جانب سے دیے گئے 186 رنز کے ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی ٹیم 18 ویں اوور میں 118 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، اس طرح کراچی کی ٹیم 67 رنز سے میچ جیت گئی۔