لاہور: (ویب ڈیسک) ایچ بی ایل پی ایس ایل 8 میں لاہور قلندرز کا آج اسلام آباد یونائیٹڈ سے راولپنڈی میں مقابلہ ہو گا۔
پی ایس ایل 8 میں لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ نے اپنے 8 میں سے 6 میچز جیتے ہیں جبکہ دونوں ٹیموں کے یکساں 12،12 پوائنٹس ہیں، البتہ بہتررن ریٹ نے قلندرز کو ٹاپ پوزیشن کا حقدار بنایا ہوا ہے۔
دونوں کا دوسرا مقابلہ آج راولپنڈی میں ہو رہا ہے، منگل کے روز پشاور زلمی کے ہاتھوں لاہور قلندرز کو 35 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، شاہین شاہ آفریدی نے آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کیا مگر ٹیم کی مجموعی کارکردگی مایوس کن رہی، باؤلرز نے 207 رنز بنوا دئیے جبکہ بیٹنگ میں حسین طلعت اور کپتان کے سوا کسی نے اچھا کھیل پیش نہیں کیا۔
اس ناکامی نے ٹیم کو خواب غفلت سے جگا دیا اور اب ایک بار پھر بہتر کارکردگی کیلئے کمر کس لی ہے، شاہین کی اچھی فارم خوش آئند ہے، باؤلرز کو رنز روکنے پر توجہ دینا ہو گی، زلمی کیخلاف 4 کیچز ڈراپ کرنے والی ٹیم کو فیلڈنگ میں بہتری درکار ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد یونائیٹڈ نے منگل کو ملتان سلطانز کے خلاف شاندار فتح حاصل کی، فہیم اشرف نے 206 کا ہدف عبور کرانے میں اہم کردار ادا کیا، کپتان شاداب خان عمدہ کارکردگی کے سلسلے کو برقرار رکھنے کے خواہاں ہیں۔
دونوں ٹیموں کے درمیان رواں ایڈیشن کا پہلا مقابلہ لاہور قلندرز نے 110 رنز کے بھاری مارجن سے جیتا تھا، اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 90 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی، اس بار ناکامی کا حساب چکتا کرنے کی کوشش ہو گی۔