لاہور : ( ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) کی ٹیم لاہور قلندرز کے کھلاڑی سیم بلنگز نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے بجائے پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کیلئے کھیلنے کو ترجیح دینے کا کوئی افسوس نہیں۔
سیم بلنگز کا کہنا تھا کہ میں نے ٹیم کیلئے عدم دستیابی ظاہر نہیں کی بلکہ منیجنگ ڈائریکٹر روب کی اور جوز بٹلر سے لمبی گفتگو کی اور انہیں بتایا کہ اپنے کیریئر کے اس موقع پر مجھے زیادہ سے زیادہ کرکٹ کھیلنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نےکہا کہ میں 8 سال تک انگلش ٹیم میں پانی پلانے کیلئے بھاگتا رہا لیکن اب میں مسلسل کھیلنا چاہتا ہوں اور بینچ پر نہیں بیٹھنا چاہتا۔
یاد رہے کہ انگلینڈ کی ٹیم ان دنوں بنگلہ دیش کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے میں مصروف ہے، تاہم ایلکس ہیلز، سیم بلنگز، لیام ڈاسن اور ٹائمل ملز پی ایس ایل کھیل رہے ہیں۔