لندن : ( ویب ڈیسک ) انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ناصر حسین نے بھارتی ٹیم کے بیٹرز کو پاکستانی کپتان بابر اعظم اور کیوی بیٹر کین ولیمسن سے سیکھنے کا مشورہ دے دیا۔
ناصر حسین نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں آسٹریلیا کے ہاتھوں 209 رنز سے شکست کے بعد بھارتی بیٹرز کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ انہیں بابر اعظم اور کین ولیمسن سے سیکھنا چاہیے کہ کس طرح سیم اور سوئنگ بال کو کھیلا جاتا ہے۔
سابق انگلش کپتان کا کہنا تھا کہ بھارتی کھلاڑیوں کی بیٹنگ دیکھ کر بہت مایوسی ہوئی ، بھارتی مداح مجھ پر تنقیدکریں گے تاہم میں کہوں گا کہ بھارتی بیٹرز کو بابر اور کین ولیمسن سے سیکھنا چاہیے کہ جب گیند سوئنگ ہو رہی ہو تو کیسے کھیلنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بابر اور کین ولیمسن سوئنگ گیند کو کھیلنے میں جلدی نہیں کرتے بلکہ دیر سے کھیلتے ہیں۔