لاہور: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے معروف فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شرکت نہیں کریں گے۔
شاہین آفریدی ورلڈ کپ کے پیش نظر قومی ٹیم کو سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں دستیاب نہیں ہوں گے، فاسٹ باؤلر میگا ایونٹ کے باعث ٹیسٹ سے فی الحال بریک لیں گے، شاہین آفریدی نے گزشتہ برس جولائی میں سری لنکا کے خلاف اپنا آخری ٹیسٹ میچ کھیلا تھا۔
رواں برس ایشیا کپ کے ساتھ ساتھ آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ بھی ہے جس میں شاہین شاہ آفریدی کی موجودگی قومی ٹیم کیلئے لازمی ہے، بڑے ایونٹس کے پیش نظر سٹار باؤلر کو آرام دیے جانے کا امکان ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ سیریز جولائی میں ہوگی جس کے شیڈول کا سری لنکا کرکٹ جلد اعلان کرے گا، دونوں ٹیموں کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے جو کہ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہیں۔