ایمرجنگ مینز ایشیا کپ: پاکستان شاہینز کا اعلان، محمد حارث کپتان مقرر

Published On 23 June,2023 07:18 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایمرجنگ مینز ایشیا کپ کیلئے پاکستان شاہینز کا اعلان کردیا۔

وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث کو مینز ایمرجنگ ایشیا کپ میں حصہ لینے والی پاکستان شاہینز کا کپتان مقرر کیا گیا ہے، ٹورنامنٹ 14 سے23 جولائی تک سری لنکا میں کھیلا جائے گا۔

محمد حارث پانچ ون ڈے انٹرنیشنل اور نو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں اور وہ پہلی مرتبہ پاکستان شاہینزکی قیادت کریں گے۔

محمد حارث کی قیادت میں 15رکنی ٹیم کا اعلان بھی کردیاگیا ہے، ٹیم میں محمد حارث ( کپتان وکٹ کیپر ) ،عمیر بن یوسف ( نائب کپتان )، عماد بٹ ،ارشد اقبال، حسیب اللہ، کامران غلام ،مہران ممتاز، مبصر خان ، محمد وسیم جونیئر شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: قومی ٹیم ورلڈ کپ کیلئے بھارت جائیگی یا نہیں اعلان جلد کرینگے: دفتر خارجہ

قاسم اکرم ،صاحبزادہ فرحان ، صائم ایوب ، شاہنواز دھانی ، سفیان مقیم اور طیب طاہر کی ٹیم کا حصہ ہیں جبکہ ریزرو کھلاڑیوں میں عبدالواحد بنگلزئی، محمدعباس آفریدی، محمد جنید اور روحیل نذیر شامل ہیں۔

ٹورنامنٹ میں 8 ٹیمیں شریک مجموعی طور پر 15 میچز کھیلے جائیں گے، پاکستان شاہینز کو گروپ اے میں انڈیا اے، نیپال اور سری لنکا اے کے ساتھ رکھا گیا ہے جبکہ گروپ بی میں افغانستان اے، اومان، بنگلہ دیش اور متحدہ عرب امارات کی ٹیمیں شامل ہیں۔ ہر گروپ سے دو ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی۔