لندن : ( ویب ڈیسک ) انگلینڈ اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ایشز سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ 28 جون (کل ) سے 2 جولائی تک برطانیہ کے تاریخی کرکٹ گراؤنڈ لارڈز ، لندن میں کھیلا جائےگا۔
یاد رہے کہ مہمان آسٹریلوی ٹیم کو میزبان انگلینڈ کے خلاف پانچ ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے، کینگروز نے پہلے ٹیسٹ میچ میں میزبان انگلینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی مارنس لبوشین کا کہنا ہے کہ پہلے ٹیسٹ میں انگلینڈ کو شکست دینے کے بعد آسٹریلیا کا حوصلہ بلند ہے۔
اپنے حالیہ انٹرویو کے دوران مارنس لبوشین نے کہا کہ پہلے ٹیسٹ میں مجھے نہیں لگتا کہ ہم نے اپنی بہترین کارکردگی دکھائی، ہم اس سے بھی بہتر بننا چاہتے ہیں۔
لبوشین کا کہنا تھا کہ پہلے ٹیسٹ میں بیٹنگ پوائنٹ سے عثمان خواجہ شاندار کھیلے، ایلکس کیری بھی بہت اچھے تھے ، ہمیں سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے جو کہ ہمارے لیے ایک مثبت علامت ہے۔
دوسری جانب انگلش ٹیم کے نائب کپتان اولی پاپ کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ سے قبل آل راؤنڈر معین علی کے فٹ ہونے کا امکان ہے، پہلے ٹیسٹ کے دوران ان کا انجرڈ ہو جانا انتہائی افسوسناک تھا۔
معین علی نے ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگ میں 33 اوورز میں 2 وکٹیں حاصل کی تھیں لیکن میچ کے دوران ان کی اگلی کٹ لگ جانے کے باعث زخمی ہوگئی تھی جس کے بعد دوسرے ٹیسٹ میں ان کی شمولیت خطرے میں پڑ گئی۔
تاہم، نائب کپتان کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں معین بلکل ٹھیک ہے، ان چند دنوں میں اس نے خود کو سنبھال لیا ہے اور امید ہے کہ وہ کھیلنے کے لیے فٹ ہے۔