لاہور: (ویب ڈیسک ) پاکستان سپر لیگ میں مسلسل دوسری بار چیمپئن بننے والی فرنچائز لاہور قلندرز اور زمبابوے کرکٹ کے درمیان تاریخی معاہدہ طے پا گیا، جس کے تحت آئندہ برسوں میں قلندرز ہائی پرفارمنس سنٹرز لاہور مبابوے کرکٹ کا نیا مرکز ہو گا۔
معاہدے کے تحت زمبابوے کے پلیئرز ڈویلپمنٹ پروگرام کے 8 نمایاں کرکٹرز سمتبر میں لاہور پہنچیں گے، زمبابوے کے نوجوان کرکٹرز قلندرز ہائی پرفارمنس سنٹر میں تربیت حاصل کریں گے۔
معاہدے میں طے پایا ہے کہ زمبابوے انڈر 19 اور زمبابوے ویمنز سکواڈز بھی آئندہ ماہ لاہور پہنچیں گے، جہاں وہ بالترتیب دورہ بنگلا دیش اور دورہ سری لنکا کی تیاریوں کے سلسلے میں تربیتی کیمپ میں شرکت کریں گے۔
لاہور قلندرز زمبابوے میں ٹیپ بال کرکٹ کے لیے بھی جامع منصوبہ بندی کرے گا، لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹو عاطف رانا نے زمبابوے کرکٹ کے ساتھ ہونیوالے معاہدے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
Lahore Qalandars has signed a landmark deal with Zimbabwe Cricket to nurture cricketing talent.
— Lahore Qalandars (@lahoreqalandars) July 29, 2023
i) 8 aspiring cricketers from Zimbabwe to undergo comprehensive training at the state-of-the-art Qalandars High Peformance Centre Lahore in Sept 2023
ii) Zimbabwe Under 19 and Women…
اس حوالے سے عاطف رانا کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ زمبابوے کرکٹ کی قسمت بدلنے میں اہم کردار ادا کرے گا، پلیئرز ڈویلپمنٹ پروگرام کے ٹرائلز کے تحت ہرارے، بلاوئیو اور کیو کیو میں بہترین ٹیلنٹ سامنے آیا ہے، اب ان کھلاڑیوں کی بہترین تربیت کرنا زمبابوے کرکٹ اور لاہور قلندرز کی ذمہ داری ہے۔
معاہدے کی تیسری شق کے مطابق زمبابوے کرکٹ کے باصلاحیت کھلاڑیوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہرارے میں قلندرز ہائی پرفارمنس سینٹر کا بھی قیام عمل میں لایا جارہا ہے، جہاں کھلاڑیوں کو مکمل تربیت فراہم کی جائے گی۔