لندن: (دنیا نیوز) لندن میں کھیلا جانے والا ایشز سیریز کا 5 واں ٹیسٹ میچ انگلینڈ نے 49 رنز سے جیت کر سیریز 2، 2 سے برابر کر دی۔
اوول کرکٹ گراؤنڈ میں ہونے والے ایشز سیریز کے آخری ٹیسٹ میں انگلینڈ نے مہمان ٹیم کو جیت کیلئے 384 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم 334 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، یوں میزبان ٹیم نے 49 رنز سے فتح حاصل کی۔
یہ بھی پڑھیں: سٹیورٹ براڈ نے آخری ایشز ٹیسٹ کے اختتام پر کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا
آسٹریلیا کے عثمان خواجہ 72 ، ڈیوڈ وارنر 60، اسٹیو سمتھ 54، ٹریوس ہیڈ 43، مارنس لبوشین 13 اور مچل مارش 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، انگلینڈ کے کرس ووکس نے 4 اور معین علی نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
واضح رہے ایشز سیریز کے 5 ویں ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، انگلینڈ نے بیٹنگ کرتے ہوئے پہلی اننگز میں 283 رنز بنائے جس کے جواب میں مہمان ٹیم 295 رنز بنا پائی۔
یہ بھی پڑھیں: سٹیو سمتھ نے ریٹائرمنٹ کی افواہوں کو مسترد کردیا
ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز انگلینڈ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 395 رنز بنا کر آسٹریلیا کو جیت کیلئے 384 رنز کا ہدف دیا، مہمان ٹیم ہدف کے قریب پہنچ کر ہمت ہار گئی، یوں ایشز سیریز 2، 2 سے برابر رہی۔