دبئی: (دنیا نیوز) آسٹریلوی کرکٹ ٹیم نے بھارت کو پیچھے دھکیل کر آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر قبضہ جمالیا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی نئی رینکنگ کے مطابق آسٹریلیا 118 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر آگئی ہے جبکہ بھارتی ٹیم کی ایک درجہ تنزلی ہوئی ہے جو دوسرے نمبر پر چلی گئی ہے۔
رینکنگ میں جنوبی افریقہ چوتھے اور نیوزی لینڈ کی ٹیم پانچویں نمبر پر موجود ہے جبکہ پاکستان کا چھٹا نمبر بدستور برقرار ہے، باؤلرز کی رینکنگ میں عامر جمال 17 پوائنٹس کی لمبی چھلانگ لگا کر 57 ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا نے پاکستان کو تین میچوں پر مشتمل سیریز میں شسکست دیکر وائٹ واش کر دیا ہے، میلبرن اور پرتھ کے بعد قومی ٹیم کو سڈنی ٹیسٹ میں بھی ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا ہے۔