سڈنی: (ویب ڈیسک) سڈنی ٹیسٹ میں قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود کے سلپ پر کیچ آؤٹ ہونے کے بعد غلط ری پلے چلنے کی وجہ سے سوالات اٹھنا شروع ہو گئے۔
سڈنی ٹیسٹ کے پہلے روز جب شان مسعود 26 ویں اوور میں کیچ آؤٹ ہوئے تو نو بال نے انہیں نئی لائف لائن دے دی لیکن 30 ویں اوور میں وہ ایک بار پھر مچل مارش کی گیند پر سلپ پر سٹیو سمتھ کو کیچ دے بیٹھے اس بار بال کو لیگل قرار دیا گیا۔
شائقین کے ذہنوں میں سوالات اس وقت اٹھنا شروع ہوئے جب ری پلے میں یہ دیکھا گیا کہ جس گیند پر شان مسعود آؤٹ ہوئے اس کے براڈ کاسٹ پر سائیڈ کیمرے سے چلنے والے ری پلے میں نان سٹرائیکر اینڈ پر بھی شان مسعود تھے، ٹی وی پر یہ ری پلے گیند کے نو بال نہ ہونے کو ظاہر کرنے کیلئے چلایا گیا تھا، شائقین نے سوشل میڈیا پر اس فوٹیج کی بنیاد پر سوالات اٹھائے۔
Mitch Marsh got the wicket of Shan Masood - but it was a no ball!
— cricket.com.au (@cricketcomau) January 3, 2024
However, 10 balls later, he got him again! #AUSvPAK pic.twitter.com/bJxYikSIIc
آئی سی سی کے قوانین کے مطابق ٹی وی امپائرز کو نو بال چیک کرنے کیلئے 4 مختلف کیمروں سے ریئل ٹائم فوٹیج ملتی ہے جس کی مدد سے وہ ہر گیند پر فرنٹ فٹ نو بال چیک کرتے ہیں، جہاں واضح نو بال نظر آتی وہاں پیجر پر فوری طور پر فیلڈ امپائر کو سگنل دیا جاتا ہے اور اگر کہیں شک کی گنجائش ہو تو امپائر روم میں بیٹھا ری پلے آپریٹر امپائرز کو نو بال کے ری پلے دکھاتا ہے۔
دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ضروری نہیں ہوتا کہ نو بال پر امپائرز جس فوٹیج کو دیکھ رہے ہوں وہی فوٹیج ٹی وی براڈ کاسٹ پر بھی دکھائی جا رہی ہو، شان مسعود کے آؤٹ پر چلنے والا ری پلے براڈ کاسٹ غلطی تو یقینی ہے لیکن اس بات کے امکانات کم ہی ہیں کہ ٹی وی امپائرز نے براڈ کاسٹ ری پلے کی بنیاد پر اس گیند کو قانونی قرار دیا ہو۔