5 میچوں کی سیریز: آسٹریلیا کی دوسرے میچ میں بھی انگلینڈ کو شکست

Published On 22 September,2024 10:56 pm

ہیڈنگلے:(ویب ڈیسک) انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان 5 ون ڈے میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے میزبان انگلینڈ کو 68 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-2 سے برتری حاصل کر لی ہے۔

آسٹریلیا کے بلے باز ایلکس کیری کے 74 رنز اور کپتان مچل مارش کے 60 رنز نے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

 روز ہیڈنگلے میں کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ میچ میں بھی آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 68 رنز سے شکست دے کر 5 میچوں کی سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل کر لی ہے۔

 جیت کے لیے 271 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کا ٹاپ آرڈر 5 وکٹوں کے نقصان پر 65 رنز پر ڈھیر ہو گیا جب بین ڈکیٹ 32 رنز اور لیام لیونگ اسٹون صفر پر یکے بعد دیگرے 2 گیندوں پر آؤٹ ہو گئے۔

انگلینڈ کے جیمی اسمتھ 49 رنز پر آؤٹ ہو گئے اور اپنی نصف سنچری مکمل کرنے میں بھی ناکام رہے جبکہ عادل رشید نے 27 رنز کی اننگز کھیلی، اس کے بعد انگلینڈ کی ساری امیدیں ٹوٹ گئیں، یوں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 41 اوورز میں 202 رنز پر آؤٹ کر دیا۔

انگلینڈ کے فل سالٹ نے 12 ، ول جیکس نے صفر، ہیری بروک نے 4 ، بین ڈکٹ نے 32، لیام لیونگسٹون نے صفر، جیکب بیتھل نے 25، جیمی اسمتھ نے 49 ، برائیڈن کارس نے 26 ، عادل رشید نے 27 ، اولی سٹون نے ایک رنز سکور کیا جب کہ میتھیو پوٹس نے 7 رنز سکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

 اس سے قبل انگلینڈ نے ٹاس جیت کر اس سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کی اور آسٹریلیا کے خطرناک بلے باز ٹریوس ہیڈ کو محض 29 رنز پر جلد ہی آؤٹ کر دیا، اس کے بعد آسٹریلیا کا مڈل آرڈر بھی رنز بنانے میں قدرے ناکام ہی رہا، اس طرح انگلینڈ مہمان ٹیم کو 45 اوورز میں 270 رنز پر آؤٹ کرنے میں کامیاب ہو گیا۔

آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ نے 29، میتھیو شارٹ نے بھی 29 ، اسٹیون اسمتھ نے 4 ، مارنس لیبوشین نے 19، کپتان مچل مارش نے 60 ، گلین میکسویل نے 7 ، ایرون ہارڈی نے 23، مچل سٹارک صفر، ایڈم زمپا نے 3 ، ایلیکس کیری نے شاندار 74 رنز سکور کیے۔

 انگلینڈ کے راشد نے 42 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں، انہوں نے گلین میکسویل کو 7 رنز پر آؤٹ کر کے اپنے ون ڈے کیئریرکی 200 وکٹیں بھی مکمل کیں۔

آسٹریلیا کے کپتان مچل مارش نے اپنی ٹیم کے مجموعی سکور میں 60 رنز کا اضافہ کیا جب کہ ایلکس کیری نے 74 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آسٹریلیا کے سکور کو دفاعی پوزیشن پر لاکھڑا کیا۔

آسٹریلیا کے بریڈن کار نے 75 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ 20 سالہ جیکب بیتھل نے 33 رنز دے کر 2 اور میتھیو پوٹس نے 30 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔