لاہور: (دنیا نیوز) بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ پاکستان آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ہائبرڈ ماڈل پر کرانے کے لیے مشروط رضا مند ہو گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان چیمپئنز ٹرافی ہائبرڈ ماڈل کرانے کے لیے مشروط طور پر رضا مند ہوا ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ آئندہ بھارت میں آئی سی سی (انٹرنیشنل کرکٹ کونسل) کے ایونٹس بھی ہائبرڈ ماڈل پر ہوں گے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق پی سی بی نے آئی سی سی کے سامنے شرط رکھی کہ بھارت میں منعقد ہونے والے 2031 تک تمام ایونٹس میں شرکت کیلئے پاکستان بھارت نہیں جائے گا، بھارت میں ہونے والے ٹورنامنٹس کیلیے بھی ہائبرڈ ماڈل اختیار کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: چیمپئنز ٹرافی، میرا وعدہ ہے جو بھی ہوگا برابری کی بنیاد پر ہوگا: محسن نقوی
پی سی بی نے چیمپئنز ٹرافی کے دوران بھارت کے ساتھ دبئی میں میچ کھیلنے کی شرط رکھ دی، چیمپئنز ٹرافی کے میچز دبئی میں کرانے کے عوض پی سی بی نے آئی سی سی کی سالانہ آمدنی میں سے بڑا حصہ بھی مانگا ہے۔
بھارت نے 2026ء میں سری لنکا کے ساتھ ٹی 20 ورلڈ کپ، 2029ء میں چیمپئنز ٹرافی اور 2031ء میں ون ڈے کرکٹ ورلڈکپ کی بنگلہ دیش کے ساتھ میزبانی کرنی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ٹی 20 ورلڈ کپ اور ون ڈے ورلڈ کپ کے شریک میزبان ممالک کی وجہ سے پاکستان کے میچز بھارت سے باہر ہو سکتے ہیں۔
2029ء کی چیمپئنز ٹرافی اور اگلے سال ویمن ورلڈ کپ پر آئی سی سی اور دونوں بورڈز کے درمیان گفتگو جاری ہے۔