کوئٹہ نے پی ایس ایل کی تاریخ کا سب سے بڑا سکور بنا کر ریکارڈ قائم کر دیا

Published On 08 May,2025 10:48 am

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پی ایس ایل کی تاریخ کا سب سے بڑا سکور بنا کر نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔

بدھ کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف رنز کے انبار لگاتے ہوئے پاکستان سپر لیگ کی تاریخ کا سب سے بڑا ٹوٹل سکور بنایا۔

سعود شکیل کی قیادت میں گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 263 رنز بنائے، رائیلی روسو اور حسن نواز نے شاندار سنچریاں سکور کیں اور بالترتیب 104 اور 100 رنز سکور کیے۔

کوئٹہ کی جانب سے 263 رنز پی ایس ایل کی تاریخ میں کسی بھی ٹیم کا سب سے بڑا سکور ہے۔

اس سے قبل یہ ریکارڈ ملتان سلطانز کے پاس تھا جس نے 2023 میں اسی گراؤنڈ پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف 262 رنز سکور کیے تھے۔

264 رنز کے ہدف کے جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 19.3اوورز میں 154 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور یوں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 109 رنز سے کامیابی حاصل کر لی۔