لارڈز: (دنیا نیوز) ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کے دوسرے روز آسٹریلیا کی پہلی اننگز کے 212 رنز کے جواب میں جنوبی افریقا کی ٹیم 138 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، دفاعی چیمپئن کو دوسری اننگز میں 8 وکٹوں پر 144 سکور کرنے کے بعد 218 رنز کی لیڈ حاصل ہوچکی ہے۔
دوسرا روز
ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کے دوسرے روز کھیل کے آغاز پر جنوبی افریقہ نے 4 وکٹوں کے نقصان پر جب دوبارہ بلے بازی شروع کی تو ان کے بیٹرز پہلے روز کے مقابلے میں کافی پرُاعتماد نظر آئے۔
کپتان ٹیمبا باووما اور ڈیوڈ بیڈنگھم کے درمیان 64 رنز کی مستحکم پارٹنر شپ کے بعد پروٹیز کو کچھ امید ضرور ملی تاہم 94 کے مجموعی سکور پر جب کپتان ٹیمبا باؤؤما 36 رنز بنا پیٹ کمنز کا شکار ہوئے تو اس کے بعد جنوبی افریقی بیٹرز کینگروز کے سامنے زیادہ دیر تک مزاحمت کرنے میں ناکام رہے اور پوری ٹیم صرف 138 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئی۔
آسٹریلیا کی جانب سے کپتان پیٹ کمنز نے تباہ کن بولنگ کی اور 28 رنز دے کر 6 وکٹیں اپنے نام کیں، مچل سٹارک 2 اور جوش ہیزل ووڈ ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
بعد ازاں آسٹریلیا نے دوسرے کھیل کے اختتام تک اپنی دوسری اننگز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز بنائے۔ ایلکس کیری 43 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جنوبی افریقہ کے بولر ربادا نے 3 وکٹوں کے ساتھ نمایاں رہے۔
اس طرح آسٹریلیا کو جنوبی افریقہ کے خلاف اب تک کل 218 رنز کی برتری حاصل ہوچکی ہے اور اس کی 2 وکٹیں ابھی باقی ہیں۔
پہلا روز
لارڈز کے میدان میں ہونے والے ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کا ٹاس جنوبی افریقہ کے کپتان ٹیمبا باووما نے جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے عثمان خواجہ اور مارنوس لبوشین نے اننگز کا آغاز کیا تاہم خواجہ کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین واپس لوٹ گئے جبکہ لبوشین 17 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، تیسرے نمبر پر آنے والے کیمرون گرین 4 رنز کے مہمان ثابت ہوئے اور ٹرویس ہیڈ 11 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے۔
کینگروز کی پانچویں وکٹ 146 کے مجموعی سکور پر گری جب سٹیو سمتھ 66 رنز بناکر پویلین لوٹے، بیو ویبسٹر72 اور ایلکس کیری 23 رنز بناکر چلتے بنے جبکہ مچل سٹارک اور کپتان پیٹ کمنز ایک ایک رنز اور نیتھن لائن بغیر کھاتہ کھلے آؤٹ ہو گئے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے کگیسو ربادا نے 5، اور مارکو جانسن نے3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ کیشو مہاراج اور ایڈن مارکرم نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔
جواب میں پروٹیز کی پہلی اننگز جاری ہے اور 43 رنز پر 4 کھلاڑی پویلین لوٹ چکے ہیں اور 169 رنز کی خسارہ پورا کرنا باقی ہے، ریان رکلٹن 16، وائن مولڈر 6، ٹرسٹین اسٹبز اور ایڈن مارکرم 0 کے انفرادی اسکور پر پویلین لوٹے ہیں۔
آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹار ک نے 2 جبکہ پیٹ کمنز اور جوش ہیزل ووڈ نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔
جنوبی افریقی سکواڈ
جنوبی افریقی سکواڈ میں کپتان ٹیمبا باووما، ایڈن مارکرم، ریان رکلیٹن، ویان مولڈر، ٹرسٹن سٹبس، ڈیوڈ بیڈنگھم، کائل ویرین، مارکو جینسن، کیشو مہاراج، کگیسو ربادا اور لونگی نگیدی شامل ہیں۔
آسٹریلوی ٹیم
آسٹریلوی ٹیم کپتان پیٹ کمنز، عثمان خواجہ، مارونس لبوشین، کیمرون گرین، سٹیو سمتھ، ٹریوس ہیڈ، بیو ویبسٹر، ایلکس کیری، مچل سٹارک، نیتھن لائن اور جوش ہیزل ووڈ پر مشتمل ہے۔