بھارت کی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی میزبانی بارے درخواست مسترد

Published On 14 June,2025 06:18 pm

لندن :(ویب ڈیسک )انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی جانب سے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) فائنل کی میزبانی کی درخواست مسترد کر دی ہے۔

برطانوی اخبار ٹیلی گراف کے مطابق آئی سی سی نے بھارتی کرکٹ بورڈ کی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کی میزبانی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے اگلے 3 ٹیسٹ چیمپئن شپ کی میزبانی انگلینڈ کو دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کو پہلے ہی مطلع کر دیا گیا ہے کہ آئندہ 3 فائنلز کی میزبانی انگلینڈ ہی کرے گا، یہ فیصلہ آئی سی سی کے آئندہ ماہ سنگاپور میں ہونے والے سالانہ اجلاس میں باضابطہ طور پر منظور کیا جائے گا۔

بھارت نے آئی سی سی سے بارہا مطالبہ کیا ہے کہ ڈبلیو ٹی سی فائنل کو مختلف ممالک میں گھمایا جائے، تاہم آئی سی سی نے تجارتی مفادات، لاجسٹکس مسائل اور تاریخی تسلسل کو مدنظر رکھتے ہوئے انگلینڈ کو ترجیح دی ہے۔

یاد رہے کہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا آغاز 2019 میں ہوا تھا، ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل ہر دو سال بعد ہوتا ہے، پہلا فائنل 2021 میں ساؤتھ مپٹن میں کھیلا گیا تھا، جس میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو شکست دی، دوسرا فائنل 2023 میں اوول گراؤنڈ، لندن میں ہوا، جس میں آسٹریلیا نے بھارت کو ہرایا۔

تیسرا فائنل 2025 میں لارڈز، لندن میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا جارہا ہے، دلچسپ بات یہ ہے کہ انگلینڈ نے تمام فائنلز کی میزبانی کی ہے لیکن تاحال خود کسی فائنل میں جگہ نہیں بنا سکا۔