ڈھاکا: (دنیا نیوز) بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے 16 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا۔
بنگلہ دیش سکواڈ میں مہدی حسن مرزا (کپتان)، تنزید حسن، پرویز حسین ایمان، محمد نعیم، نجم الحسن شانتو، توحید ہریدوی، لٹن داس، جاکر علی، شميم حسین، رشاد حسین، تنویر اسلام، مستفیض الرحمٰن، تنزیم حسن، تسکین احمد، ناہید رانا اور حسن محمود شامل ہیں۔
چیف سلیکٹر غازی اشرف حسین کا کہنا ہے کہ لٹن داس کی واپسی ان کے ٹی 20 ٹیم کے کپتان بننے کے بعد عمل میں آئی ہے، انہوں نے تسلیم کیا کہ لٹن داس کی حالیہ ون ڈے کارکردگی مایوس کن رہی ہے تاہم ان کی فارم واپس آنے کی امید ہے۔
سلیکٹرز نے اوپنر محمد نعیم، بیٹر شميم حسین، اسپنر تنویر اسلام اور فاسٹ بولر حسن محمود کو بھی اسکواڈ میں شامل کیا ہے، تنویر اسلام کو پہلی بار ون ڈے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، سومیہ سرکار کو مکمل فٹ ہونے کے بعد ٹیم میں شامل کیا جائے گا، وہ پچھلے ایک سال میں کئی انجری مسائل کا شکار رہے جن میں گھٹنے، انگلی اور کمر کی تکالیف شامل ہیں۔
اسکواڈ میں پانچ فاسٹ بولرز کو شامل کیا گیا ہے تاکہ مستفیض الرحمٰن، تسکین احمد اور ناہید رانا کا بوجھ کم کیا جا سکے، ان تینوں بولرز کی فٹنس اور ورک لوڈ کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کا پہلا میچ دو جولائی، دوسرا پانچ جولائی اور تیسرا آٹھ جولائی کو کھیلا جائے گا، پہلے دو میچ کولمبو کے آر پریماداسا اسٹیڈیم میں ہوں گے جبکہ آخری میچ پالی کیلے میں شیڈول ہے۔