دوسرا ٹیسٹ: بنگلا دیش کو لنکا کے ہاتھوں اننگز اور 78 رنز سے شکست

Published On 28 June,2025 11:40 am

کولمبو: (ویب ڈیسک) سری لنکا نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بنگلا دیش کو اننگز اور 78 رنز سے شکست دے دی۔

کولمبو میں 25 جون کو شروع ہونے والے سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں بنگلادیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 247 رنز بنائے تھے۔

سری لنکا کی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں 458 رنز بنا کر 211 رنز کی برتری حاصل کر لی، پاتھم نسانکا 158، دنیش چندی مل 93، کشال مینڈس 84 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، بنگلا دیش کے تیج الاسلام نے 5 ، نعیم حسن نے 3 اور ناہید رانا نے ایک وکٹ حاصل کی۔

بنگلا دیشی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں بھی ناکام نظر آئی اور کوئی کھلاڑی سری لنکن باؤلرز کے سامنے نہ ٹھہر سکا، میچ کے چوتھے روز پوری ٹیم صرف 133 رنز پر ڈھیر ہو گئی جس کی بدولت سری لنکا نے یہ میچ ایک اننگز اور 78 رنز سے جیت لیا۔

سری لنکا کی جانب سے پرباتھ جے سوریا نے 5، دہننجایا ڈی سلوا اور تھارندو رتنیاکے نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

سری لنکا کے پاتھم نسانکا کو دوسرے ٹیسٹ میں 158 رنز بنانے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا جبکہ سیریز میں مجموعی طور پر 369 رنز بنانے پر وہ پلیئر آف دی سیریز کے بھی حقدار قرار پائے۔