ڈھاکا: (ویب ڈیسک) بھارت ایک بار پھر کھیل میں سیاست لے آیا، روایتی ہتھکنڈوں کو برقرار رکھتے ہوئے بھارتی سرکار اور کرکٹ بورڈ ایشین کرکٹ کونسل کے بنگلہ دیش میں شیڈول سالانہ اجلاس کی مخالفت میں بھارت کھل کرسامنے آگئے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ اورحکومت نے ایشین کرکٹ کونسل کے سالانہ جنرل میٹنگ کے مقام کو تبدیل کرنے کیلیے رکن ممالک پر بھی دباو ڈالنا شروع کردیا ہے، سری لنکا کے بعد عمان کرکٹ بورڈ نے بھی بھارتی ایما پر اجلاس کی مخالفت کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ بھی مقام کی تبدیلی کیلیے لابنگ کررہے ہیں، بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے رکن ممالک کو پرکشش آفرز بھی دی جارہی ہیں، متعدد کرکٹ بورڈز کی مخالفت کی وجہ سے اجلاس کا انعقاد خطرے میں پڑ رہا ہے۔
صدر ایشین کرکٹ کونسل محسن نقوی نے 24 جولائی کو ڈھاکہ میں ایشین کرکٹ کونسل کا سالانہ اجلاس بلارکھا ہے، ذرائع کے مطابق رکن ممالک کی اکثریت ڈھاکہ میں ہونے والے سالانہ اجلاس کے حق میں ہے۔
خیال رہے کہ اگست میں شیڈول بھارت کے دورہِ بنگلہ دیش کو بھی دونوں ممالک کے درمیان سیاسی کشیدگی کے باعث ملتوی کر دیا گیا تھا، سیریز میں دونوں ٹیموں نے 3 ٹی 20 اور 3 ون ڈے میچز کھیلنے تھے۔