برمنگھم: (دنیا نیوز) انگلینڈ کے شہر برمنگھم میں کھیلے گئے ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز (WCL) کے فائنل میں جنوبی افریقا چیمپئنز نے پاکستان چیمپئنز کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
ایجبیسٹن گراؤنڈ میں کھیلے جانے والے اس اہم مقابلے میں پاکستان چیمپئنز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز بنائے۔
اوپنر شرجیل خان نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے 44 گیندوں پر 76 رنز بنائے، جس میں 9 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے، ان کی جارحانہ اننگز نے ٹیم کی بنیاد مستحکم کی، کپتان محمد حفیظ 17، شعیب ملک نے 20 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
اختتامی اوورز میں عمر امین اور آصف علی نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے ٹیم کا سکور تیزی سے آگے بڑھایا ، عمر امین نے 19 گیندوں پر 38 رنز ، آصف علی نے 15 گیندوں پر 28 رنز ناٹ آؤٹ بنائے۔
وائن پارنیل اور ہارڈس ویلجوئن نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں اور نسبتاً بہتر بولنگ کا مظاہرہ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں اے بی ڈویلیئز کی دھواں دار اننگ کی بدولت جنوبی افریقا نے فائنل 9 وکٹوں سے جیت لیا، اے بی ڈویلیئز نے 60 گیندوں پر 7چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 120 رنز بنائے۔
ان کے ساتھ جے پی ڈومنی نے 28 گیندوں پر 2 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 50 رنز سکور کئے اور دونوں کھلاڑی ناٹ آؤٹ رہے، ہاشم آملہ 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے فائنل مقابلے میں پاکستان چیمپئنز کی جانب سے واحد وکٹ سعید اجمل نے حاصل کی۔