لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستانی کھلاڑیوں پر آئندہ ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں شرکت پر پابندی کا فیصلہ کر لیا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی زیر صدارت بورڈ آف گورنرز کا خصوصی اجلاس ہوا جس میں ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے دوہرے معیار اور متعصبانہ رویے پر سخت ردعمل کا اظہار کیا گیا، اجلاس میں پاکستانی کھلاڑیوں پر آئندہ ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں شرکت پر پابندی کا متفقہ فیصلہ کر لیا گیا۔
پی سی بی بورڈ آف گورنرز کے مطابق ڈبلیو سی ایل نے جان بوجھ کر میچز نہ کھیلنے والی ٹیم کو پوائنٹس دینے کا یکطرفہ فیصلہ کیا، میچز نہ کھیلنے والی ٹیم کو پوائنٹس دینا کھیل کی روح کے منافی ہے، کھیلوں کو سیاسی مفادات اور محدود کمرشل ترجیحات کے تابع کر کے چیمپئن شپ کے بڑے مقصد کو روندا گیا۔
پی سی بی بورڈ آف گورنرز نے قرار دیا کہ ٹورنامنٹ کے بنیادی اصولوں کو کسی غیر مرئی دباؤ کے تحت پامال کرنا افسوسناک ہے، منتظمین کا یہ جانبدارانہ رویہ مستقبل کیلئے خطرناک اور تشویشناک ہے، پی سی بی ہمیشہ سے کھیل کو سیاست سے الگ رکھنے کا علمبردار رہا ہے۔
اعلامیے کے مطابق ڈبلیو سی ایل کی جانب سے معذرت بلاواسطہ اعتراف ہے کہ میچز کی منسوخی کھیلوں کے اصولوں پر نہیں بلکہ مخصوص قوم پرستی کے بیانیے کے دباؤ پر ہوئی، بین الاقوامی کھیلوں کی دنیا میں یہ دوغلا اور متعصبانہ رویہ ناقابل برداشت اور ناقابل قبول ہے، پی سی بی آئندہ اپنی ٹیم کو اس ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے نہیں بھیج سکتا۔
پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز نے فیصلہ کیا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو ایسے مقابلے میں شرکت کی اجازت نہیں دے سکتے جسے سیاست کی تنگ نظری نے داغدار کر دیا ہو۔