ڈبلن: (ویب ڈیسک)عالمی کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم آئر لینڈ پہنچ گئی جہاں قومی ٹیم کلون ٹرف میں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز میں تین میچز کھیلے گی۔
پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کے میچز 6، 8 اور 10 اگست کو شیڈول ہیں تاہم انٹرنیشنل سیریز کے میچز سے قبل مہمان ٹیم خود کو مقامی کنڈیشنز سے ہم آہنگ کرنے کے لیے بھرپور مشقیں کرے گی، پاکستان ویمنز ٹیم پیر کو آرام کرے گی اور منگل سے پریکٹس کا آغاز ہوگا۔
قبل ازیں 15 رکنی قومی ویمن اسکواڈ فاطمہ ثنا کی قیادت میں اتوار کو علی الصبح کراچی سے دوحا کے راستے اپنی منزل کی جانب روانہ ہوا، محمد وسیم ہیڈ کوچ کی ذمہ داری ادا کر رہے ہیں۔
آئرلینڈ روانگی سے قبل نیشنل سٹیڈیم کے حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر اور اوول گراؤنڈ پر 4 روزہ حتمی کیمپ میں قومی سکواڈ کو خصوصی تربیت فراہم کی گئی۔
آئرلینڈ جانے والا 15 رکنی قومی ویمنز اسکواڈ فاطمہ ثنا (کپتان)، عالیہ ریاض، ڈیانا بیگ، ایمان فاطمہ،گل فیروزہ، منیبہ علی، نجیحہ علوی (وکٹ کیپر)، نشرہ سندھو، ناتالیہ پرویز، رمین شمیم، سعدیہ اقبال، شوال ذوالفقار، سدرہ امین، طوبیٰ حسن اور وحیدہ اختر پر مشتمل ہے۔