لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سہ ملکی ٹی 20 سیریز اور ایشیا کپ کیلئے 17 رکنی قومی سکواڈ کا اعلان کر دیا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن اور چیف سلیکٹر عاقب جاوید نے ٹیم کا باضابطہ اعلان کیا۔
چیف سلیکٹر عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ سہ ملکی ٹی 20 سیریز اور ایشیا کپ کیلئے 17 رکنی سکواڈ کا اعلان کیا گیا ہے، ٹیم کی قیادت اس بار بھی آل راؤنڈر سلمان آغا کے سپرد کی گئی ہے۔
منتخب کھلاڑیوں میں سلمان علی آغا (کپتان)، ابرار احمد، فہیم اشرف، فخر زمان، حارث رؤف، حسن علی، حسن نواز، حسین طلعت، خوشدل شاہ، محمد حارث (وکٹ کیپر)، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، سلمان مرزا، شاہین شاہ آفریدی اور صفیان مقیم شامل ہیں۔
قومی ٹیم کے سلیکٹر عاقب جاوید نے کہا کہ جو کھلاڑی پرفارم کرے گا وی کھیلے گا، کسی کھلاڑی کے کیریئر پر فل سٹاپ نہیں لگا سکتے، فخر زمان پر کسی کو کوئی شک نہیں ہونا چاہیے، دستیاب کھلاڑیوں کو حصہ بنانے کی کوشش کی ہے، ایسا نہیں کہہ سکتے کہ ٹی 20 میں بابر اور رضوان کا مستقبل ختم ہوگیا۔
ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا کہ بابر اعظم کے پاس موقع ہے بگ بیش لیگ میں پرفارم کرے۔
یاد رہے کہ پاکستان، افغانستان اور یو اے ای کی ٹرائی سیریز 29 اگست سے 7 ستمبر تک شارجہ میں ہوگی جبکہ ایشیا کپ 9 سے 28 ستمبر تک ابوظہبی اور دبئی میں کھیلا جائے گا۔