لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے جارح مزاج بیٹر فخر زمان نے ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں اہم سنگ میل عبور کرلیا۔
فخر زمان نے سہ ملکی ٹی 20 سیریز کے چوتھے میچ میں افغانستان کے خلاف شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں بڑا اعزاز اپنے نام کیا، انہوں نے ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیلنے کی سنچری مکمل کر لی۔
فخر زمان نے 2017 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنے ٹی 20 کیریئر کا آغاز کیا تھا اور افغانستان کے خلاف میچ فخر کا 100 واں ٹی 20 انٹرنیشنل میچ تھا جس میں وہ 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
فخر زمان 100 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیلنے والے چھٹے پاکستانی کھلاڑی ہیں، اس سے قبل بابر اعظم، محمد حفیظ، شعیب ملک، شاداب خان اور محمد رضوان بھی 100 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں۔
واضح رہے کہ منگل کو سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے چوتھے میچ میں افغانستان نے پاکستان کو 18 رنز سے شکست دی، افغانستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹ کے نقصان پر 169 رنز بنائے، جواب میں پاکستان کی ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنا سکی۔