لاہور: (دنیا نیوز) جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم چار سال سے زائد عرصے بعد پاکستان میں ٹیسٹ میچز کھیلے گی، تمام فارمیٹس کی سیریز کا مجوزہ شیڈول سامنے آگیا۔
ذرائع کے مطابق پہلا ٹیسٹ 12 سے 16 اکتوبر تک قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا، 20 سے 24 اکتوبر تک دوسرے ٹیسٹ میچ کی میزبانی راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کرے گا۔
راولپنڈی میں ہی 28 اکتوبر کو ون ڈے سیریز کا آغاز ہو گا، دیگر دو میچز بالترتیب 31 اکتوبر اور 2 نومبر کو اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں ہوں گے، شیڈول کی منظوری ملنے پر اس شہر میں طویل عرصے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی ہو گی۔
ٹی 20 سیریز کا آغاز 5 نومبر کو ملتان میں ہو گا، بقیہ دو میچز 8 اور 9 نومبر کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے، اس سیریز کے حوالے سے جنوبی افریقی وفد انتظامات کا جائزہ لینے پاکستان آیا ہوا ہے جو آج واپس جائے گا۔
وفد نے ملتان کا دورہ نہیں کیا ہے لہٰذا وہاں میچ ہونے کے امکانات کم ہیں، ابھی یہ شیڈول فائنل نہیں ہے، دونوں بورڈز میں بات چیت کے بعد ہی اس کی منظوری دی جائے گی، تاریخوں اور وینیوز میں ردوبدل بھی ممکن ہے۔
اس سے قبل رواں ماہ جنوبی افریقی ویمنز ٹیم کو بھی پاکستان میں تین ٹی 20 میچز کھیلنے ہیں۔
یاد رہے کہ پروٹیز نے آخری بار جنوری، فروری 2021 میں کوئنٹن ڈی کاک کی زیر قیادت پاکستانی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز کھیلی تھی جس میں اسے وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
ٹی 20 سیریز میں جنوبی افریقہ کو 1-2 سے شکست ہوئی تھی، مارچ میں منعقدہ ون ڈے چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ کو نیوزی لینڈ نے زیر کیا تھا۔
اس سے قبل مئی میں بنگلا دیش سے سیریز کے ابتدائی دو ٹی 20 میچز فیصل آباد میں کرانے کا اعلان کیا گیا تھا۔
اس سے 17 سال بعد اقبال سٹیڈیم میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی ہوتی تاہم بعد میں پی ایس ایل میچز ری شیڈول ہونے پر تین میچز کی سیریز صرف لاہور میں ہوئی تھی۔