کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے معروف سپنر ابرار احمد رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔
کراچی کے مقامی ہال میں ہفتے کی شب ابرار احمد کی شادی کی تقریب منعقد ہوئی، دلہنیا لینے کیلئے آمد پر 27 سالہ ابرار احمد کی بارات کا ڈھول کی تاپ پرپرتپاک خیرمقدم کیا گیا، تقریب میں قریبی رشتہ دار و عزیزو اقارب شریک ہوئے۔
مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر 27 سالہ کھلاڑی کی بارات لے جاتے اور شادی ہال پہنچنے کی ویڈیوز سامنے آئی ہیں، اس کے علاوہ مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر کھلاڑی کی چند تصاویر بھی سامنے آئی ہیں۔
اس موقع پر ابرار احمد اپنے دوستوں کے ہمراہ خوشگوار انداز میں دکھائی دیئے، جبکہ ایک تصویر میں بارات لے جانے سے قبل وہ سیلون میں تیار ہوتے بھی دکھائی دے رہے ہیں۔
آمنہ رحیم سے رشتہ ازواج میں منسلک ہونے والے ابرار احمد کی تقریب ولیمہ آج (اتوار) کو مقامی بینکوئٹ ہال میں ہوگی۔
پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی نمائندگی کرنے والے کرکٹر کی دعوت ولیمہ میں کرکٹرز بھی شرکت کریں گے، 8 بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹے ابرار احمد ولیمہ کے بعد ٹیسٹ سکواڈ جوائن کر لیں گے۔
کراچی میں رہائش پذیر ابرار احمد کا تعلق مانسہرہ سے ہے، ابرار احمد پی ایس ایل میں کراچی کنگزاور اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کر چکے ہیں۔
2022 میں ملتان میں ابرار احمد نے اپنے پہلے ٹیسٹ میں انگلینڈ کے 11 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔
ابرار احمد 10 ٹیسٹ میں 46، 11 ون ڈے انٹر نیشنل میں 18 اور15 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچزمیں 21 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں، ابرار احمد اب جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کی امیدوں کا مرکز ہوں گے۔