انگلش کپتان ہیری بروک نے ٹی 20 کرکٹ میں اہم سنگ میل عبور کرلیا

Published On 20 October,2025 06:12 pm

اوول: (دنیا نیوز) انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹی 20 میچ میں شاندار بلے بازی کرتے ہوئے ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں 1000 رنز مکمل کر لیے۔

ہیگلے اوول میں کھیلے گئے میچ کے دوران ہیری بروک نے صرف 35 گیندوں پر 78 رنز بنائے جس میں 6 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔

دائیں ہاتھ کے بلے باز نے یہ سنگ میل اپنے 51 ویں ٹی 20 میچ میں حاصل کیا، اس کارکردگی کے ساتھ وہ ٹی 20 انٹرنیشنل میں 1000 رنز مکمل کرنے والے انگلینڈ کے 10ویں بلے باز بن گئے۔

انگلینڈ کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں سابق کپتان اور وکٹ کیپر جوز بٹلر سرفہرست ہیں جنہوں نے 143 میچوں میں 3869 رنز اسکور کیے، ایون مورگن 115 میچز میں 2458 رنز کے ساتھ دوسرے اور ایلکس ہیلز 75 میچز میں 2074 رنز بناکر تیسرے نمبر پر ہیں۔

دریں اثنا انگلینڈ نے دوسرے ٹی 20 میچ میں نیوزی لینڈ کو 65 رنز سے شکست دے دی، انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 236 رنز بنائے ،فل سالٹ 85 اور ہیری بروک 78 رنز بناکر نمایاں رہے۔

ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 18 اوورز میں 171 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی، میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔