پروٹیز کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میں پچ دیکھ کر فائنل الیون کا اعلان کریں گے: اظہر محمود

Published On 19 October,2025 01:34 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ اظہر محمود نے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں زیادہ تبدیلیاں نہیں ہوں گی، پچ دیکھ کر فائنل الیون کا اعلان کریں گے۔

راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کوچ اظہر محمود نے کہا کہ یہ پچز ویسٹ انڈیز کے خلاف بنائی گئی پچز سے مختلف ہیں، اگر ہم ٹاس ہار بھی گئے تو کوشش ہوگی کہ پہلی اننگز میں 350 رنز سے زائد سکور کریں۔

انہوں نے کہا کہ سیریز سے پہلے لگائے گئے کیمپ کا مقصد یہی تھا کہ ہمیں سپن کو کھیلنا آنا چاہیے اور اس میں مختلف شارٹس کھیلنے آنے چاہئیں، ہم اس قسم کی پچز بنائیں گے تو ہمیں سپن کھیلنا آنی چاہیے۔

بلے بازوں کی کارکردگی سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ پہلے ٹیسٹ میں تمام 7 بلے بازوں میں سب نے رنز کئے، پہلی اننگز میں 4 اور دوسری اننگز میں 3 نے رنز کئے، سب نے اپنا کردار ادا کیا، بدقسمتی سے ہمارا لوئر آرڈر نہیں چل سکا، ہم ان سے بھی امید رکھتے ہیں کہ وہ رنز سکور کریں گے کیونکہ لوئر آرڈرز کے رنز بھی معنی رکھتے ہیں، جنوبی افریقہ کے آخری 4 کھلاڑیوں نے 90 رنز سکور کئے تھے۔

اظہر محمود نے ایک سوال پر کہا کہ پہلے ٹیسٹ میں دو فاسٹ باؤلر کھلانے پر تنقید ہوئی، لاہور کی پچ پر بیٹرز کو بھی مدد ملی، ہوسکتا ہے کہ دوسرے ٹیسٹ میں تھری ون کا کمبی نیشن (تین سپنرز، ایک فاسٹ باؤلر) کھلائیں۔

کوچ کا کہنا تھا کہ ہوم گراؤنڈ پر 6 ٹیسٹ میچز کھیلنا اہم ہے، ہمارا مقصد ٹیسٹ چیمپئن شپ جیتنا ہے، ٹیم پچھلے کافی عرصے سے کھیل رہی ہے، ٹیم کا مورال بہت بلند ہے، لڑکے سارے مطمئن ہیں اور ایک دوسرے کے ساتھ مل جل کر کھیل رہے ہیں اور جیتنے کیلئے یہی چیز اہم ہے۔

اظہر محمود نے کہا کہ مجھے سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے کہ ہمارے پاس معیاری سپنرز نہیں ہیں، میں نے کہا تھا کہ دورہ بنگلہ دیش کے دوران ہمارے پاس سکوڈ میں اسپنرز نہیں ہیں، میں نے یہ کبھی نہیں کہا کہ ہمارے ملک میں سپنرز موجود نہیں ہیں، میں مستقبل کے 10 سپنرز گنوا سکتا ہوں‘۔

نعمان اور ساجد سے نمٹنے کا پلان بنا لیا: جنوبی افریقی کپتان

دوسری جانب پریس کانفرنس کرتے ہوئے جنوبی افریقی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان ایڈن مارکرم کا کہنا ہے کہ ہمیں معلوم ہے نعمان علی اور ساجد خان کا چیلنج ہمیں پنڈی میں بھی درپیش ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ نعمان علی اور ساجد خان کے حوالے سے ٹیم میٹنگ میں گفتگو ہوئی ہے، انہیں کھیلنے سے متعلق پلان بنا لیا ہے، یہاں بھرپور ٹریننگ کی ہے، ہمارے لئے بہت ضروری ہے کہ ہم سیریز میں کم بیک کرتے ہوئے سیریز برابر کریں۔

جنوبی افریقی کپتان کا کہنا تھا کہ پچھلے میچ میں ٹونی ڈی زورزی نے بہترن بیٹنگ کی، تمام ہی کھلاڑی بہترین کارکردگی دکھانے کیلئے پرجوش ہیں۔

ایڈن مارکرم نےمزید کہا کہ ہم نے پچ کا معائنہ کیا ہے، ان کنڈیشنر میں کھیلنا ہمشیہ چیلنجنگ ہوتا ہے، امید ہے شائقین کرکٹ کو بہترین کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔