شائقین اور سابق کرکٹرز کے سری لنکن ٹیم کے دورہ جاری رکھنے پر محبت بھرے پیغامات

Published On 13 November,2025 07:06 am

لاہور: (دنیا نیوز) شائقینِ کرکٹ اور پاکستان کے سابق کرکٹرز نے سری لنکن ٹیم کے دورہ جاری رکھنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مہمان ٹیم کے کھلاڑیوں اور لنکن بورڈ کا شکریہ ادا کیا ہے۔

شائقین کرکٹ کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ سے محبت کرنے والوں کا ملک ہے، یہاں کے عوام کرکٹ سے بے پناہ محبت کرتے ہیں، کرکٹ امن کا پیغام ہے، پاکستان میں بین الاقوامی ٹیموں کو کوئی خطرہ نہیں، پاکستان میں کرکٹ کے فروغ میں سری لنکن ٹیم کا کردار قابل تعریف ہے۔

دوسری جانب سابق قومی کرکٹرز نے بھی سری لنکن ٹیم کی خوب حوصلہ افزائی کی، صہیب مقصود نے کہا سری لنکن بورڈ نے ہمیشہ پاکستان کو سپورٹ کیا ہے، سری لنکن ٹیم اور ان کے بورڈ کے شکر گزار ہیں، ہمارے ادارے سری لنکن کرکٹ ٹیم کو بہترین سکیورٹی دیں گے۔

سابق کرکٹر یاسرحمید نے کہا کہ سری لنکن اور پاکستانی کھلاڑی ایک دوسرے کی بہت عزت کرتے ہیں، پاکستان میں بقیہ میچز مکمل کرنے کا سری لنکن ٹیم کا فیصلہ بہت خوش آئند ہے، شعیب اختر نے بھی اپنے پیغام میں لکھا کہ کرکٹ کیساتھ کھڑا ہونے اور دہشتگردی کو شکست دینے کیلئے سری لنکن ٹیم کا شکریہ۔