راولپنڈی: (دنیا نیوز) تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں سری لنکا کی پاکستان کے خلاف بیٹنگ جاری ہے۔
راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے، قومی ٹیم کی قیادت شاہین شاہ آفریدی کر رہے ہیں جبکہ لنکن ٹیم کی کمان چریتھ اسالنکا کے بیمار ہونے کے باعث کوشل مینڈس کے سپرد ہے۔
ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے قومی کپتان شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ وکٹ کی کنڈیشنڈ دیکھ کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا، تمام کھلاڑی اچھی فارم میں ہیں، آخری دو سیریز سے تمام پلیئرز اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، راولپنڈی کی وکٹ پر 290 رنز اچھا ہدف ہے۔
سری لنکن کپتان نے کہا کہ ٹیم میں 4 تبدیلیاں کی گئی ہیں، آج کا میچ جیتنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔
یاد رہے کہ پاکستان کو 3 میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم نے پہلے ون ڈے میں سری لنکا کو 6 رنز سے شکست دی تھی، جبکہ دوسرے ون ڈے میں بھی پاکستانی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مہمان ٹیم کو 8 وکٹوں سے ہرایا تھا۔



