پہلا ٹیسٹ : جنوبی افریقہ نے بھارت کو 30 رنز سے باآسانی شکست دے دی

Published On 16 November,2025 05:53 pm

کولکتہ: (ویب ڈیسک) سپنر سائمن ہارمر کی 8 وکٹوں کی بدولت جنوبی افریقہ نے بھارت کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں تیسرے ہی دن 30 رنز سے کامیابی حاصل کرلی۔

بھارتی ٹیم 124 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 93 رنز پر آوٹ ہو گئی، ہارمر نے پہلے اننگز میں 30 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کی تھیں، انہوں نے رشبھ پنت کو صرف 2 رنز پر آؤٹ کیا تھا۔

لیفٹ آرم اسپنر کیشَو مہاراج نے 2 گیندوں پر 2 وکٹیں لے کر بھارتی اننگز کا خاتمہ کیا اور عالمی ٹیسٹ چیمپیئن نے 2 میچ کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔

واشنگٹن سندر نے ہدف کے تعاقب کی کوشش کی، لیکن ایڈن مارکرم کی آف اسپن پر 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اکسر پٹیل نے مہاراج کو 2 چھکے مارکر مداحوں کو خوش کیا، مگر بعد میں وہ 26 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔

فاسٹ باؤلر مارکو جانسن نے دوپہر سے قبل بھارتی اوپنرز کو آؤٹ کر دیا، جس سے میزبان ٹیم 10رنز پر 3 وکٹیں گنواں بیٹھیں، کیونکہ شبمن گل ہسپتال میں انڈرآبزرویشن تھے، جانسن نے پہلے اوور میں یشاسوی جیسوال کو وکٹ کیپر کائل ویریئن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا، جس کے بعد کے ایل راہول بھی کیچ آؤٹ ہوگئے۔

جنوبی افریقہ کے کپتان ٹیمبا باوما نے اپنی ٹیم کی دوسری اننگز میں 153 رنز کے مجموعے میں 55 ناقابل شکست رنز بنائے۔

باوما نے مشکل پچ پر غیر یقینی باؤنس کے باوجود 7 وکٹوں کے نقصان پر 93 رنز سے دوبارہ آغاز کرنے کے بعد ٹیم کو میچ میں برقرار رکھنے کے لیے جرات مندانہ بیٹنگ کی۔

انہوں نے دن کا آغاز 29 رنز سے کیا اور محنت اور ثابت قدمی کے ساتھ کم سکور والے میچ میں اپنی ٹیم کے لیے پہلی نصف سنچری مکمل کی، ان کی کوربن بوش کے ساتھ آٹھویں وکٹ کے لیے 44 رنز کی شراکت داری بھارتی بولرز کے لیے مشکلات پیدا کرتی رہی، جب تک جسپریت بمرا نے بوش کو آؤٹ نہیں کیا۔

فاسٹ بولر محمد سراج نے 4 گیندوں میں ہارمر کی وکٹیں اڑا ئیں اور آخری بلے باز کیشاَو مہاراج کو بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ کر دیا، کیونکہ باوما کے پاس مزید پارٹنرز موجود نہ تھے۔

جمعہ کو ٹاس جیت کر بیٹنگ کا آغاز کرنے کے بعد جنوبی افریقہ کی ٹیم 159 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی، لیکن دوسرے دن انہوں نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے بھارت کو 189 رنز پر آؤٹ کر کے خسارے کو صرف 30 رنز تک محدود کر دیا تھا، اس کے بعد ان کی بیٹنگ دوبارہ ناکام رہی تھی۔