لندن: (دنیا نیوز) کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار ایچ بی ایل پی ایس ایل کا لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں روڈ شو منعقد کیا گیا۔
برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں پی ایس ایل روڈ شو کا انعقاد ایک تاریخی کامیابی ہے، آج کھیل سفارت کاری کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
سی ای او پی ایس ایل سلمان نصیر نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں کامیاب تقریب کے انعقاد پر خوشی ہے۔
سلمان نصیر کا کہنا تھا کہ دو ٹیموں کی فرنچائز کے لیے بڈز اوپن ہیں، پاکستان کرکٹ کی ترویج کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہا ہے اور پاکستان میں کرکٹ شائقین میدان میں اچھے کھیل سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ پی سی بی اور پی ایس ایل کی انتظامیہ مشترکہ طور پر کرکٹ کی بہتری کے لیے کام کر رہی ہیں، پی ایس ایل کو دنیا کی نمبر ون لیگ بنانا چاہتے ہیں، ہمارے قومی کرکٹرز میں بہت صلاحیت موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ میں نوجوان ٹیلنٹ کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے کا موقع ملتا ہے، کھلاڑیوں کو ملنے والے انعامات سے ان کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے، ہر قسم کے چیلنجز کا سامنا کرتے ہوئے ہم نے کرکٹ کی بہتری کے لیے کام کیا۔
محسن نقوی کا کہنا ہے کہ میرے لیے پاکستان سب سے پہلے ہے، پی ایس ایل میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو خاطر خواہ فائدہ ملتا ہے، پی ایس ایل میں نئی بڈ شفاف اور اوپن ہوگی، اسلام آباد میں کرکٹ اسٹیڈیم بنانے جارہے ہیں، ہر اسٹیڈیم میں شائقین کے لئے میوزیکل کنسرٹ ہوگا، ہم امریکا کے شہر نیویارک میں بھی کرکٹ روڈ شو کرنے جارہے ہیں، ہم بہت جلد او ٹی ٹی پلیٹ فارم فراہم کریں گے۔
سابق کرکٹر وسیم اکرم نے پینل گفتگو میں کہا کہ پی ایس ایل میں مقامی ٹیلنٹ کو مواقع دے رہے ہیں، پی ایس ایل پاکستان کے شائقین کرکٹ کے لیے تفریح کے اچھے مواقع فراہم کررہی ہے، پی ایس ایل کی کامیابی میں سب کی محنت شامل ہے۔
رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل سے پاکستان کرکٹ کے کھیل کو فروغ مل رہا ہے، پی ایس ایل سے نوجوان کھلاڑیوں کا عالمی کرکٹرز کے ساتھ کھیلنے کا موقع ملتا ہے۔



