کراچی (روزنامہ دنیا) سندھ ہائی کورٹ نے منشیات فروشی کا الزام لگاکر پولیس اہلکاروں کی جانب سے خاتون کو برہنہ کرنے کے معاملے پر ایس ایس پی ویسٹ کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے ڈی آئی جی ویسٹ کو تحقیقات کا حکم دے دیا۔
عدالت نے اس واقعہ میں ملوث ایس ایچ او اقبال مارکیٹ کو ہٹانے کا حکم بھی دیا ہے ۔ پیر کو دو رکنی بینچ کے روبرو سماعت ہوئی۔ حکم کے باوجود ایس ایس پی ویسٹ پیش نہ ہوئے، جس پر عدالت برہم ہوگئی۔ ڈی آئی جی کو 15 دن میں تحقیقاتی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
تحقیقات مکمل ہونے تک ایچ ایس او کو فیلڈ پوسٹنگ نہ دینے کی بھی ہدایت کی گئی ہے ۔ عدالت نے پولیس رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کردیا۔ درخواست گزار خاتون نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ 24 مارچ کو 17 پولیس اہلکار گھر میں داخل ہوئے۔
بوڑھی والدہ کو الگ کمرے میں بند کیا۔ ڈیڑھ سال کی بیٹی پر بندوق تان کر برہنہ ہونے پر مجبور کیا۔ پولیس اہلکار تین دن گھر میں رہے ۔ ساس کی جانب سے اعلٰی حکام سے شکایت کیے جانے پر رہائی ملی۔ ایس ایچ او اقبال مارکیٹ منہ بند رکھنے کے لیے دھمکاتے رہے ۔