جہلم: (دنیا نیوز) دوسری شادی کا بھیانک انجام، سسرالیوں کے تشدد سے ابوبکر نامی نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ لڑکی کے ساتھ کورٹ میرج کے لیے جاتے ہوئے ابوبکر کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
منڈی بہاوالدین کے محلہ غوثیہ کالونی کا نوجوان ابوبکر 2 بچوں کا باپ ہے اور مزدوری کیلئے جہلم کے گاوں پنڈی سیدپور گیا تھا، جہاں اسے مبینہ طور پر بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ 32 سالہ ابوبکر شدید زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔
اسے تشدد کا نشانہ بنانے کی ویڈیو سامنے آگئی ہے۔ جس میں متعدد افراد مقتول ابوبکر کو تشدد کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ پنڈی سیدپور پولیس نے واقعہ کی تشدد کرنے والی ویڈیو سامنے آنے پر 10 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے چار افراد کو گرفتار کرلیاہے۔ ابو بکر کو زخمی حالت میں جلالپور شریف ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا تھا۔
گرفتار ملزمان میں لڑکی کا والد لیاقت، چچا آصف، رشتہ دار امتیاز اور الطاف شامل ہیِں۔ گرفتار ملزمان کو آج پنڈدادنخان کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے ملزمان کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر کے پولیس کے حوالے کردیا ہے۔ مقتول 2 بچوں کا باپ ہے، دونوں بچوں کی عمریں تین سال پانچ سال کے درمیان ہیں۔
مقتول کے والد محمد بشیر نے کہا ہے کہ اس کے بیٹے کوغلط الزام لگا کر قتل کیا گیا۔ اس نے وزیراعلیٰ پنجاب سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔