لاہور: (دنیا نیوز) ون ویلنگ سے روکنے پر منچلے نوجوانوں نے ڈولفن فورس کے اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔
لاہور میں ڈولفن فورس کے اہلکاروں کو منچلے نوجوانوں سے پنگا لینا مہنگا پڑ گیا۔ ون ویلنگ سے روکنے پر منچلے نوجوانوں نے ڈولفن فورس کے اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ اہلکاروں کی وردیاں بھاڑ دیں اور موٹر بائیکس بھی گرا دیں۔ پولیس نے نامعلوم نوجوانوں کے خلاف مقدمہ درج کر کے ان کی تلاش شروع کر دی۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ڈولفن فورس کے اہلکاروں نے نوجوانوں کو ون ویلنگ سے روکا تو نوجوان آپے سے باہر ہو گئے۔ ڈولفن فورس کے اہلکاروں پر ناصرف تشدد کیا بلکہ ان کی ہیوی بائیکس کو بھی نقصان پہنچایا۔
نوجوانوں کے تشدد سے ڈولفن فورس کے 3 جوان نوید، عظیم اور ماجد زخمی بھی ہوئے۔ عینی شاہدین کے مطابق نوجوانوں کے ساتھ اہل علاقہ نے بھی ڈولفن اہلکاروں پر دل کی بھڑاس خوب نکالی۔ اہل علاقہ نے ڈولفن اہلکاروں پر پتھراؤ بھی کیا۔
اطلاع ملنے پر مقامی پولیس موقع پر پہنچی مگر اس سے پہلے ہی نوجوان فرار ہو گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ڈولفن اہلکاروں کی درخواست پر نامعلوم ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کر کے ان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔