سرگودھا: (دنیا نیوز) سرگودھا کے نواحی علاقے چک 91 بھٹیاں کے قریب دو بہن بھائیوں کو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اُتار دیا۔
دنیا نیوز کے مطابق یہ ہولناک واقعہ چک 91 بھٹیاں میں پیش آیا، دونوں بہن بھائی ضلع کچہری میں مقدمہ قتل کی پیشی بھگت کر واپس آ رہے تھے کہ دو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر کے قتل کر ڈالا، مقتولین کی شناخت ملک صفدر اور فرزانہ بی بی سے ہوئی۔
سرگودھا پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں مقتولین معظم آباد کے رہائشی تھے اور عدالت میں قتل کی پیشی بھگت کر واپس گھر جا رہے تھے، مقتولہ فرزانہ اپنے شوہر کے مقدمہ قتل میں نامزد تھی۔
پولیس کے مطابق مزید پہلوؤں کا جائزہ لینے کے لیے تفتیش شروع کر دی ہے۔ ڈی پی او سرگودھا حسن مشتاق سکھیرا نے تحقیقاتی ٹیم بھی تشکیل دی ہے۔