گجرات: کرایہ کے تنازع پر دو گروپوں میں فائرنگ، 2 افراد جاں بحق، 3 زخمی

Last Updated On 01 September,2019 05:06 pm

گجرات: (دنیا نیوز) گجرات کے علاقے کوٹلہ ارب علی خاں میں دو گروپوں کے درمیان فائرنگ دو بھائی قتل جبکہ خاتون سمیت 3 افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ فائرنگ کے بعد علاقے میں خوف ہراس پھیل گیا۔

تفصیلات کے مطابق گجرات کے علاقے کوٹلہ ارب علی خاں میں دو گروپوں کے درمیان دکانوں کے کرایہ پر تنازع چل رہا تھا۔ فائرنگ کے نتیجے میں دوکان میں کرایہ دار درزی موقع پر جاں بحق ہو گیا جبکہ اس کا دوسرا بھائی ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ واقعہ میں خاتون سمیت 3 افراد زخمی ہوئے جنھیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ ادھر فائرنگ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی جس نے جائے وقوعہ سے تمام شواہد اکھٹے کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔