سرگودھا: (دنیا نیوز) سرگودھا میں کورونا لاک ڈائون کے دوران پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بلا اجازت دکانیں کھولنے والے 40 سے زائد تاجروں کو گرفتار کرکے تھانوں میں بند کر دیا۔
سرگودھا شہر کے مختلف علاقوں میں انتظامیہ اور پولیس کی مشترکہ کارروائی کے دوران بازاروں میں بلا اجازت دکانیں کھولنے والے تاجروں کی گرفتاریاں شروع کر دی گئیں، پولیس اور انتظامیہ کی کارروائی کے دوران 40 سے زائد تاجروں کو گرفتار کر کے مختلف تھانوں میں بند کر دیا گیا۔
دوسری طرف انتظامیہ نے شہریوں کی آمدورفت محدود کرنے کے لیے شہر کی مختلف شاہراہوں پر خاردار تاریں لگا کر روڈ بلاک کر دیئے۔ کارروائی کے حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر عمردراز گوندل کا کہنا ہے کہ جس کاروبار کو کھولنے کی اجازت حکومت نے دی ہے اس کے علاوہ بغیر اجازت دکانیں کھولنے والے تاجروں کے خلاف کارروائی جاری رہے گی جبکہ ڈی پی او فیصل گلزار کا کہنا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی کرنیوالوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں نمٹا جائے گا۔