سرگودہا: معمولی تلخ کلامی پر دو گروپوں میں تصادم، ایک شخص جاں بحق، 8 شدید زخمی

Last Updated On 24 May,2020 06:24 pm

سرگودہا: (دنیا نیوز) عیدالفطر کی خوشیاں ادھوری رہ گئیں، کسوکی کے قریبی علاقے سرگودہا روڈ محلہ رشید پورہ میں معمولی تلخ کلامی پر دو گروپوں میں تصادم سے ایک شخص جاں بحق جبکہ 8 شدید زخمی ہوگئے۔

سرگودہا روڈ پر دو گروپس چریڑہ گروپ اور اوڈھ گروپ کے 30 سے زائد افراد میں گاڑی کھڑی کرنے پر جھگڑا ہوا جو شدت اختیار کر گیا۔ چریڑہ گروپ کے افراد نے بیلچوں اور ڈنڈے سوٹوں کا بے دریغ استعمال کیا جس سے خواتین سمیت متعدد افراد زخمی ہو گئے۔

سرگودہا روڈ پر کھڑی متعدد گاڑیاں اور موٹر سائیکلوں کی بھی توڑ پھوڑ کی گئی۔ جھگڑے کے دوران اوڈھ گروپ کے نوجوان عبدالرشید پر شدید تشدد کیا گیا جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا۔