ملتان: انسداد دہشتگردی عدالت نے چھوٹو گینگ کے خلاف دو کیسز کا فیصلہ سنا دیا

Published On 27 August,2020 01:11 pm

ملتان: (دنیا نیوز) ملتان کی انسداد دہشتگردی عدالت نمبر دو نے چھوٹو گینگ کے خلاف دو کیسز کا فیصلہ سنا دیا، دونوں کیسز میں چھوٹو گینگ کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کر دیا گیا ہے۔

انسداد دہشت گردی کی عدالت نمبر دو کے جج مسعود ارشد نے دونوں کیسز میں چھوٹو گینگ کو بری کرنے کا حکم سنایا، چھوٹو گینگ کے خلاف جاری کیسز میں شک کا فائدہ دیتے ہوئے تمام ملزمان کو بری کیا گیا۔ چھوٹو گینگ کیخلاف دو کیسز کی سماعت ملتان کی سینٹرل جیل میں ہوئی۔ مقدمے کی گزشتہ سماعت پر ملزمان کے زیر دفعہ 342 کے قلمبند شدہ بیانات پر بحث مکمل کی گئی تھی۔

چھوٹو گینگ کے خلاف تھانہ صدر ڈی جی خان اور تھانہ بیٹ میر ہزار مظفر گڑھ میں مقدمات درج تھے، چھوٹو گینگ کے خلاف قتل، اقدام قتل، اغوا سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمات درج کئے گئے تھے۔ بری کئے گئے ملزمان میں ملزمان غلام رسول عرف چھوٹو، خالد عرف خالدی، اسحاق عرف ساقی شامل ہیں جبکہ تمام ملزمان کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر ایک نے پہلے موت اور عمر قید کی سزا سنائی تھی۔ 

Advertisement