شاہ کوٹ: (روزنامہ دنیا) پی ٹی آئی رہنما چودھری نعیم اقبال بندیشہ کے گھر سے ڈاکو ایک کروڑ بیس لاکھ مالیت کے زیورات اور ساڑھے تین لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق عبداللہ گارڈن شاہ کوٹ میں واقع چودھری نعیم اقبال بندیشہ کی رہائش گاہ میں 11 نامعلوم ڈاکو داخل ہوئے، اہلخانہ کو یرغمال بنا کر پورے گھر کی تلاشی لی اور ایک کروڑ بیس لاکھ کے زیورات، ساڑھے تین لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہو گئے۔
اطلاع ملنے پر ڈی پی او ننکانہ، ڈی ایس پی سرکل سانگلا ہل، ایس ایچ او تھانہ سٹی شاہ کوٹ جائے واردات پر پہنچ گئے۔ ڈی پی او ننکانہ اسماعیل الرحمن کھاڑک نے اہلخانہ کو ملزموں کی جلد گرفتاری کی یقین دہانی کرائی۔
پولیس نے نعیم بندیشہ کے بھائی زاہد اقبال کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا اور ملزموں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارنا شروع کر دئیے ہیں۔