لاہور: (روزنامہ دنیا) موٹروے پر خاتون کے ساتھ زیادتی کیس میں بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے۔ مقدمہ میں ملوث ملزم شفقت عرف بگا نے اعتراف جرم کر لیا۔
مجسٹریٹ نے ملزم شفقت کا سخت سکیورٹی میں بیان قلمبند کیا۔ ملزم شفقت نے عدالت کے روبرو 164 کا بیان قلمبند کراتے ہوئے اعتراف کیا کہ اس نے یہ جرم عابد ملہی کے کہنے پر کیا۔
خیال رہے کہ ملزم شفقت کے خلاف تھانہ گجر پورہ میں اغوا، زیادتی، ڈکیتی اور دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔
گزشتہ روز انسداد دہشتگردی کی عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے موٹروے زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد ملہی کو 15 دن کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دے دیا تھا۔
ملزم کو شناخت پریڈ کے بعد جوڈیشل ریمانڈ کی میعاد ختم ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے ملزم سے استفسار کیا کہ وہ کچھ کہنا چاہتا ہے تو عابد ملہی نے کہا اس کی اپنے گھر والوں، بیوی اور بچوں سے ملاقات نہیں ہوئی، پتا نہیں وہ کدھر ہیں؟
عدالت نے باور کرایا کہ قانون کے تحت شناخت پریڈ کے دوران ملاقات ممکن نہیں ہے۔ پولیس نے 30 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی لیکن عدالت نے 15 دن کیلئے ملزم کو پولیس کی تحویل میں دے دیا۔ دوسرے ملزم شفقت کے جسمانی ریمانڈ کی میعاد 7 نومبر کو ختم ہو گی۔