پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا کے محکمہ ایکسائز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 45 کلو گرام آئس اور 24 کلو ہیروئین برآمد کرلی جن کی مالیت کروڑوں روپے میں بتائی جاتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان (ڈی آئی خان) میں درہ بند روڈ پر خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں منشیات برآمد کی گئی ہے جس کی عالمی منڈی کی قیمت مالیت کروڑوں روپے ہے۔ جبکہ ایک ملزم کو بھی گرفتار کرلیا گیا، جس کے خلاف تھانہ ڈی آئی خان میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
دوسری جانب اینٹی نارکوٹکس فورس نے کاروائی کرتے ہوئے بیرون ملک منشیات سمگلنگ ناکام بنادی۔ اے این ایف ذرائع نے بتایا کہ پشاور کا رہائشی ملزم شارجہ آئس منشیات اسمگل کرنے کی کوشش میں تھا، تاہم اے این ایف اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کے قبضے سے ڈیڑھ کلو سے زائد آئیس منشیات برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیا ہے۔
ایک اور کارروائی میں اے این ایف ٹیم نے پاک افغان سرحد تورخم بارڈر پر افغانستان سے منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔ ایف این ایف حکام کے مطابق ملزمان ایکسٹیسی ٹیبلٹس پاکستان اسمگل کر رہے تھے، تاہم کارروائی کرکے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا جب کہ ان کے قبضے سے 700 گولیاں برآمد کرلی گئیں۔